ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سرپن کٹہ میں ماں اور بیٹی نے پھانسی لگا کرکی خود کشی

بھٹکل سرپن کٹہ میں ماں اور بیٹی نے پھانسی لگا کرکی خود کشی

Tue, 16 Jul 2024 12:20:34    S.O. News Service

بھٹکل 16/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے ایلوڈی کوور گرام پنچایت کے حدود میں گوریکلمنے علاقے میں ایک ماں اور بیٹی نے پھانسی لگا کر خود کشی کر لی ، جن کی شناخت کرشنمّا نارائن نائک (57 ) اور مادیوی ڈوڈیّا نائک (36 ) کے طور پر کی گئی ہے ۔

    بتایا  گیا  ہے کہ کرشنما کی بیٹی مادیوی والدین کے گھر کے قریب ہی اپنے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کے ساتھ دوسرے گھر میں رہتی تھی ۔ اتوار رات کو ماں اور بیٹی کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد پیر کے دن خودکشی کی واردات پیش آئی۔ گھر والوں کے مطابق  پیر کے دن گھر کے دیگر افراد رشتہ دار کے یہاں شادی میں گئے تھے اور مادیوی گھر میں اکیلی تھی ۔ اس دوران اس نے پھانسی کا پھندا لگا کر خود کشی کر لی ۔ 

    جب شادی سے واپس لوٹنے پر گھر والوں نے مادیوی کو پھانسی پر لٹکتے ہوئے  دیکھا تو اُسے اُتارنے کی کوشش کرنے لگے، اس دوران  اس کی ماں بھی وہیں پر  موجود تھی، اپنی بیٹی مادیوی کو  پھانسی سے لٹکتے دیکھا تو ماں کرشنمّا نے  غالباً یہ سوچ کر کہ رات کو جھگڑا  کرنے  کی وجہ سے  اس نے خودکشی کی ہے،  دوسرے کمرے میں  جاکر  پھانسی پر لٹک گئی۔  مادیوی کی ماں کرشنمّا کو اچانک وہاں موجود نہ ہوتے دیکھ کر لوگ اس کی تلاش میں دوسرے کمرے میں پہنچے تو اُس وقت تک وہ پھانسی پر لٹک چکی تھی۔ اسے فوراً  نیچے اُتار کر سرکاری اسپتال لے جایا گیا اور اسے بچانے کی کوشش کی گئی، مگر اُس وقت تک اُس نے دم توڑ دیا تھا۔

    پتہ چلا ہے کہ مادیوی نے خود کشی سے قبل ایک ڈیتھ نوٹ بھی  لکھا  تھا  جس میں تاکید کی گئی تھی  کہ اس کی لاش اس کی ماں اور بھائیوں کو نہ دکھائی جائے ۔  مادیوی کو ایک  12 سالہ لڑکا اور ایک 13 سالہ لڑکی ہے، جو بالترتیب پانچوں اور آٹھویں جماعت میں پڑھتے ہیں۔  ماں کی اچانک موت سے معصوم بچے ماں کی ممتا سے محروم ہوگئے ہیں۔

    بھٹکل دیہی پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا  ہے اور کیس درج کرتے ہوئے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی  ہیں۔


Share: